لاہور۔19جولائی (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی نے خفیہ اطلاع پرکرول گھاٹی کے علاقے میں واقع جعلی کاربونیٹڈ ڈرنکس یونٹ پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران 220لٹر تیار کولڈ ڈرنکس، 1000 پیکنگ میٹریل، 300 کلو ڈھکن، 200 کلو لیبل، ممنوعہ فلیور تلف کر دیے ۔
تفصیلات کے مطابق 3فلنگ مشینیں، کمپریسر، 2 سلنڈر، چلر، واٹر ٹینک اور پمپ ضبط کر کے مالکان کیخلاف مقدمہ درج کروا کر موقع سے 2 افراد کو گرفتار کروا دیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کھلے رنگ، فلیور، کیمیکلز اور نل کے آلودہ پانی سے جعلی بوتلیں تیا ر کی جا رہی تھیں۔
مصنوعی مٹھاس کی ملاوٹ سے تیار کولڈ ڈرنکس مقرر کردہ معیار کے منافی پائی گئیں۔ معروف برانڈز کی جعلی لیبلنگ لگا کر تیار مضر صحت کولڈ ڈرنکس برآمد کر کے ترسیل ناکام بنا دی گئی۔
ڈرموں میں کیمیکلز اور کھلے رنگوں سے تیار محلول بھی موجود پایا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ مضر صحت محلول کو اصل جیسی نقل پیکنگ لگا کر صارف کے ساتھ دھوکہ کیا جارہا تھا۔ جعلسازی کا مکروہ دھندہ کرنے والوں کیخلاف مقدمہ درج کر کے 2 ملزمان کو موقع سے گرفتار کروا دیا گیا۔ جعلی بوتلوں پرلگی اصل جیسی لگی نقل پیکنگ کی پہچان کرنا مشکل ہے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق تیار نقلی بوتلوں کو لاہور کی مختلف چھوٹی بڑی دکانوں اور ریسٹورنٹس میں سپلائی کیا جانا تھا۔ کاربونیٹڈ ڈرنکس کا استعمال ہڈیوں کی کمزوری اور شوگر جیسی دیگر بیماریوں میں مبتلا کرسکتا ہے۔
وزیر اعلی پنجاب کے حکم پر جعلی بوتلوں کا گھنائونا دھندہ کرنے والوں کا کاروبار جڑ سے اکھاڑ دیا جائے گا،ملاوٹ اور جعلساز مافیا کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت کام کر رہے ہیں۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے مزید کہا کہ پنجاب کی عوام سے گزارش ہے کہ ملاوٹ و جعلساز مافیا کی اطلاع پنجاب فوڈ اتھارٹی فیس بک پیج پر ان باکس یا ہیلپ لائن نمبر 1223 پر دیں۔