لاہور۔18مارچ (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ناقص خوراک کا کاروبار کرنیوالوں کیخلاف گرینڈآپریشن جاری ہے۔میٹ سیفٹی ٹاسک فورس نے بکر منڈی میں چھاپہ مار کرحویلی سے ناقص 300کلو گوشت برآمد کر لیا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے اس حوالے سے منگل کو جاری بیان میں کہا ہے کہ مضر صحت ناقابل استعمال گوشت کو برآمد کر کے تلف کیا گیا،حویلی سے بیمار مردہ جانور برآمد ہونے پر کارروائی کی گئی۔
گودام اور حویلی میں چھپ کر مردہ جانوروں کا گوشت تیار کیا جا رہا تھا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ ذبح شدہ ظاہر کرنے کے لیے مردہ جانوروں کی گردن پر کٹ لگائے گئے تھے، بیمار مردہ جانور نواحی علاقے سے چھپا کر لایا گیا تھا، ویجیلنس ٹیم کی بروقت اطلاع پر کارروائی کر کے ناقص گوشت کی ترسیل ناکام بنائی گئی۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ بیمار جانور کا گوشت تیار کرنا سنگین جرم ہے،غیر قانونی مذبح خانوں کے خلاف متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر قوانین میں ترامیم کر رہے ہیں۔نئے قوانین کے مطابق ناقص گوشت تیار اور فروخت کرنے والوں کیخلاف ناقابل ضمانت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
لاہور سمیت صوبہ بھر میں جعلسازوں کیخلاف سخت کارروائیاں کی جا رہی ہیں، مکروہ کاروبار کی ہرگز اجازت نہیں۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے مزید کہا کہ شہری اپنے ارد گرد موجود جعلساز عناصر کی اطلاع پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر دیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573733