لاہور۔24مارچ (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے بیمار اور مردہ گوشت سپلائی کرنے والے مافیا کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 400 کلو مردہ مرغیاں اور 61 کلو بدبودار گوشت تلف کر دیا، 2 افراد کو بھاری جرمانے، 12 میٹ شاپس کو وارننگ اور 2 کو اصلاحی نوٹس جاری کئے گئے،
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے بتایا کہ میٹ سیفٹی ٹیموں نے ٹولٹن مارکیٹ میں میٹ شاپس، گودام اور چکن بردار گاڑیوں کی چیکنگ کی، جہاں 400 کلو مردہ مرغیاں اور61 کلو بدبودار گوشت تلف کر دیا گیا جبکہ 2 کو بھاری جرمانے، 12 میٹ شاپس کو وارننگ اور 2 کو اصلاحی نوٹس جاری کئے گئے، اس دوران انتہائی لازم میٹ سپلائی ریکارڈ بھی عدم موجود پایا گیا، مضر صحت گوشت پیک کرکے سپلائی کیا جانا تھا،
مردہ مرغیوں کو ضبط کر کے ڈمپنگ سائٹ پر تلف کر دیا گیا، عاصم جاوید نے کہا ہے کہ کم وزن، بیمار اور مردہ مرغیوں کی فروخت کسی قیمت پر برداشت نہیں کی جائے گی، مردہ مرغیاں برآمد ہونے پر سپلائر اور مالک کا کاروبار بند کرکے مقدمہ درج کیا جائیگا اور بھاری جرمانہ عائد کرنے کے علاوہ گاڑی بھی ضبط کر لی جائے گی۔