لاہور۔7جنوری (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی نےشیخوپورہ روڈ پر ناکہ بندیوں کے دوران 50 دودھ بردار گاڑیوں میں آنے والے 6500 لیٹر سے زائد دودھ کا معائنہ کیا اور 2ہزار لیٹرغیر معیاری دودھ تلف کر دیا۔ ترجمان پنجاب فوڈاتھارٹی کے مطابق موقع پر کئے گئے ٹیسٹ فیل ہونے پر دودھ تلف کیا گیا۔
اس حوالے سے ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نےکہا ہے کہ تلف کیا جانے والا دودھ سپلائی کے لیے لاہور لایا جا رہا تھا۔ دودھ میں پانی کی ملاوٹ اور فیٹ کی کمی پائی گئی۔ ایل آر اور ایس این ایف کی مقدار بھی انتہائی کم پائی گئی۔ ملاوٹی دودھ فروخت کرنے اور خریدنے والے پوائنٹس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈیری سیفٹی ٹیمیں منگل کی علی الصبح ناکہ بندیوں سمیت مارکیٹ میں دودھ کی سپلائی چین کی مسلسل چیکنگ کر رہی ہیں۔
صوبہ بھر میں جعلسازی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ مضر صحت اشیا کے بیوپاری باز رہیں، کاروبار کے خاتمے کے ساتھ ساتھ قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔