ملتان۔ 02 نومبر (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی کی شہر اولیاء میں ناکہ بندی کر کے دودھ بردار گاڑیوں کی چیکنگ،600 لیٹر ملاوٹی دودھ تلف کر کے ہزاروں روپےجرمانے عائد کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ملاوٹی دودھ کی روک تھام کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں کی بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔اس سلسلہ میں ڈائریکٹر آپریشنز زبیر احمد اعجاز کی سربراہی میں ہفتہ کے روز این ایل سی بائی پاس پر ناکہ بندی کر کے 30 سے زائد دودھ بردار گاڑیوں کو روک کر ان میں موجود 10 ہزار لیٹر سے زائد دودھ کی ٹیسٹنگ کی۔
دوران چیکنگ چار دودھ بردار گاڑیوں میں موجود 600 لیٹر دودھ کے سیمپل غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ ہونے پر تلف کر کے جرمانے عائد کئے گئے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئےڈائریکٹر آپریشنز پنجاب فوڈ اتھارٹی زبیر احمد اعجاز نے کہا ہے چیکنگ کے دوران دودھ میں پانی کی ملاوٹ،قدرتی غذائیت میں کمی پائی گئی،ملاوٹ ثابت ہونے پر سینکڑوں لیٹر دودھ تلف کر کے جرمانے عائد کئے گئے۔
انہوں نے کہا کہ ملاوٹی دودھ کی فروخت سنگین جرم ہے،غیر معیاری دودھ سپلائی کرنے والوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کیا جارہا ہے،شہری گھروں میں استعمال ہونے والے دودھ کو فوڈ اتھارٹی دفتر سے مفت ٹیسٹ کروا سکتے ہیں،ملاوٹ سے پاک کھانے پینے کی اشیاءخصوصاً کوالٹی دودھ کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دودھ کے معیار کی بہتری اور ملاوٹی دودھ کی فروخت کا خاتمہ ضروری ہے،عوام الناس کو دودھ کے بہتر معیار کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے چیکنگ اینڈ بیلنس کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا،دودھ سپلائی کرنے والوں کو کوالٹی کی بہتری کے لیے ہدایات جاری کر دیں گئی ہیں،عوام الناس ملاوٹ مافیا کی نشاندہی کیلئے 1223 کال کر کے فوری اطلاع دیں۔