لاہور۔13مارچ (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹیموں کادیسی کے نام پر جعلی مکھن گھی فروخت کرنیوالوں کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے۔ ترجمان کے مطابق وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے ٹیموں کے ہمراہ سمن آباد میں واقع معروف سپر سٹورز اور ٹولنٹن مارکیٹ سمیت چکن بردار گاڑیوں کی چیکنگ کی۔
فوڈ اتھارٹی ٹیموں نے 5سپر سٹورز اینڈ مارٹس،7 پولٹری شاپس اور6 چکن بردار گاڑیوں کی چیکنگ کرتے ہوئے6 پوائنٹس کو 6لاکھ 30ہزار کے جرمانے عائد کرکے1200کلو ملاوٹی مکھن،200 کلو ناقص دیسی گھی اور 90کلو مردہ بیمار مرغیاں تلف کردیں ۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے بتایا کہ غیر معیاری مکھن و دیسی گھی برآمد ہونے پر کارروائی عمل میں لائی گئی اور قوانین کی سنگین خلاف ورزی پر فوڈ پوائنٹس کو 6لاکھ 30ہزار کے جرمانے عائد کیئے گئے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ ٹولنٹن مارکیٹ میں گوشت فروخت کرنے والوں کو سخت وارننگ جاری کی گئی ہے، ناقص ملاوٹی مکھن اور دیسی گھی دلکش پیکنگ لگا کر فروخت کے لیے تیار رکھا پایا گیا تھا۔انہوں نے کہاکہ ملاوٹی اشیاء خورونوش کی فروخت سنگین جرم ہے، ماہ صیام میں پنجاب بھر میں فوڈ پوائنٹس، یونٹس اور فیکٹریوں کی مسلسل چیکنگ کی جا رہی ہے۔
ڈی جی پی ایف اے نے کہا کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کا کاروبار بند، جرمانے اور مقدمہ بھی درج کروایا جائے گا، فوڈ بزنس آپریٹرز اعلی معیار یقینی بنائیں، جعلسازی پر کاروبار جڑ سے اکھاڑ دیا جائے گا۔