لاہور۔18دسمبر (اے پی پی):صحت دشمن عناصر کیخلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کی خصوصی ہدایات پر فوڈ سیفٹی ٹیموں کی ٹھوکر نیازبیگ، پھولنگر اور فوڈ سٹریٹ میں ناشتہ پوائنٹس اور ڈیری یونٹس پرچھاپہ مار کارروائیاں کی گئیں جس میں 2000لٹر پائوڈر سے تیار دودھ، 2100 لٹر جعلی جوس، 200کلو غیر معیاری زائد المعیاد سری پائے سمیت مصالحہ جات، ممنوعہ پاوڈر، کیمیکل تلف کردئیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق فوڈ سٹریٹ میں 22 ناشتہ پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی جس میں سے ناقص انتظامات پر 2ناشتہ پوائنٹس بندکردیئے گئے اور3 کو جرمانے جبکہ17 کو اصلاحی نوٹسز جاری کئے گئے،ناشتہ پوائنٹس پر صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات پائے گئے، زائد المعیاد وغیر معیاری سری پائے اور دیگر ممنوعہ اجزا کی برآمدگی پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ادھر دوسری جانب ٹھوکر نیازبیگ پر واقع جوس فیکٹری سے زائد المعیاد اور جعلی جوس برآمد ہونے پر کارروائی کی گئی،
ڈی جی فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید نے کہا کہ سپلائی کے لیے آنے والے ملاوٹی دودھ کو شہر کی مختلف سوسائٹیز میں سپلائی کیا جانا تھا، ناقص خوراک کا استعمال بچوں اور بڑوں کو موذی امراض میں مبتلا کرسکتا ہے، عوام الناس تک غذائیت سے بھرپور خوراک کی یقینی فراہمی کے لیے فوڈ سیفٹی ٹیمیں دن رات کارروائیاں کر رہی ہیں، خوراک کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں، ملاوٹ کرنے والوں کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔