پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ظہیر ولاز اور ٹاون شپ میں چھاپے، 4700کلو سے زائد مضر صحت پتی، 13000 لٹر جعلی کولڈ ڈرنکس ضبط کر لیں

135

لاہور۔6اگست (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی لاہور کی ٹیموں نے طویل ریکی کے بعد ظہیر ولاز اور ٹاون شپ میں دو یونٹس پر چھاپے مارے اور4700کلو سے زائد مضر صحت جعلی پتی، 13000 لٹر جعلی مضر صحت کولڈ ڈرنکس ضبط کر لیں۔ تفصیلات کے مطابق سیلر مشینیں، وزن کانٹے، ہیٹ گن، گلو گن اور سلنڈر بھی تحویل میں لے لیے گئے.ڈی جی فوڈاتھارٹی نے بتایا معروف برانڈز کی جعلی لیبلنگ کرنے اور پیور فوڈ ریگولیشنز کی سنگین خلاف ورزیوں پر 2 یونٹس کیخلاف مقدمات درج کروائے گئے اور 2 ملزمان کو موقع سے گرفتار بھی کروا دیا گیا۔

جعلی کولڈ ڈرنکس کا منفرد لیبل بنا کر اصل جیسی نقل بوتل میں مضر صحت محلول کی بھرائی کی جارہی تھی۔ڈی جی فوڈاتھارٹی نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا جنوری 2024 سے ابتک ملاوٹ مافیا کے خلاف مارچ 2023 کی نسبت 84.6فیصد آپریشنز زیادہ کیے گئے۔114.76فیصد مقدمات، 140.87 فیصد کاروبار بند اور 114.76 فیصد جرمانے سال 2023کی نسبت زیادہ کیے گئے ہیں علاوہ ازیں جنوری سے ابتک 5لاکھ64 ہزار 152 فوڈ بزنسز کی چیکنگ جے دوران 70کروڑ 10لاکھ99ہزار کے جرمانے عائد کیے گئے جبکہ 1780یونٹس اور فوڈ بزنس بند کر کے جعلسازی پر 582مقدمات درج کروائے گئے مزید کہا کہ سال 2023کی نسبت 281.58 فیصدزیادہ ملک پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی۔ 7ماہ میں 21کروڑلاکھ 43لاکھ لیٹر سے زائد دودھ کی چیکنگ کو یقینی بنایا گیا۔

عاصم جاوید کا کہنا تھا سال 2023 کی نسبت دودھ تلف کی شرح منفی میں رہی اور 10لاکھ 63ہزار 763 لٹر دودھ تلف کیا گیا مزید برآں 7ماہ میں 2لاکھ99ہزار کلو گوشت، 58ہزار 400کلو مصالحہ جات، 64ہزار 684کلو ناقص گھی، 3لاکھ 68ہزار 838لٹر پانی اور بیورجز تلف کی گئیں۔عاصم جاوید نے مزید کہا ہم 3 لاکھ ٹریننگ، 3لاکھ میڈیکل سکریننگ کو یقینی بنائیں گے جبکہ 2 لاکھ فوڈ بزنس کو لائسنس ایشو کر کے رجسڑ کرنے کا ٹارگٹ ٹیموں کو دیا گیا ہے۔

وزیر اعلی پنجاب کے حکم پر ملاوٹ اور جعلسازی کرنے والوں کے گرد شکنجہ مزید سخت کر دیا گیا۔ ڈی جی فوڈاتھارٹی نے بتایا جرمانوں، مقدمات اور کاروبار بند کرنے کا مقصد کسی کو متاثر کرنا ہرگز نہ ہے، اصلاح ضروری ہے۔ پنجاب میں خوراک میں جعلسازی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، خوراک کا کاروبار کرنے والے خبردار رہیں۔بارہا نوٹس اور جرمانوں کے باوجود اصلاح نہ کرنے پر سخت کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔ شہری اپنی صحت کی حفاظت کو یقینی بنائیں، شکایات کے لیے 1223 پر اطلاع دیں۔