پنجاب لائیو سٹاک کارڈ کے پہلے مرحلے میں کامیاب امیدواروں کی مرحلہ وار تصدیق کا آغازہوگیا

73

فیصل آباد۔ 15 نومبر (اے پی پی):پنجاب لائیو سٹاک کارڈ کے پہلے مرحلے میں کامیاب امیدواروں کی مرحلہ وار تصدیق کا آغازہوگیا ہے۔اربن یونٹ کے نمائندگان کی جانب سے ڈویژن کے اضلاع میں ٹیموں نے مویشی پال کی تصدیق کی۔

ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر سید ندیم بدر نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب لائیو سٹاک کارڈ سکیم کے تحت مویشی پال حضرات کیلئے 11،ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔

اس سکیم کا دورانیہ پانچ ماہ ہوگا اور قرض کا دورانیہ چار ماہ ہوگا۔چار ماہ کے دوران مویشی پال حضرات کو ونڈا،منرل مکسچر اور سائلیج کی مد میں قرضہ فراہم کیا جائے گا۔ قرض کی رقم فی جانور27 ہزار روپے مختص کی گئی ہے اور یہ قرضہ پانچ سے10 کٹڑوں یا بچھڑوں کیلئے خوراک کی مد میں دیا جائے گا جب کہ پانچویں ماہ یہ قرضہ واپس کرنا ہوگا اس سلسلے میں ڈویژن بھر میں ہر تحصیل لیول پر وزیر اعلی پنجاب لائیو سٹاک کارڈ سکیم کے لئے فیڈ وینڈرز کی بھی رجسٹریشن جاری ہے اور کامیاب مویشی پال حضرات نہ صرف وزیرعلی پنجاب لائیو سٹاک کارڈ سکیم سے مستفید ہوں گے بلکہ اس کے ساتھ ملکی سطح پر گوشت کی پیداوار میں اضافے کی وجہ سے ملکی معیشت میں بھی بہتری آ سکے گی۔