فیصل آباد ۔ 08 دسمبر (اے پی پی):پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی نے مالی سال 2024-2023 جولائی تا نومبر میں تقریباً 25، ارب کی ریکارڈ کولیکشن کی۔ 16 لاکھ افراد کو فردات اور انتقالات کی خدمات فراہم کی گئیں جبکہ خدمات کے عوض صوبائی گورنمنٹ کو تقریباً 6،ارب جبکہ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کو سروس چارجز کی مد میں 1.5،ارب کی آمدن ریکارڈ کی گئی ہے۔پلرا نے اپنے اصلاحاتی اقدامات کے تحت لوکل گورنمنٹ کے ٹیکس (TTIP) کی مد میں 2،ارب جبکہ وفاقی حکومت (FBR)کے لئے15،ارب روپے کی کولیکشن کی۔
رواں مالی سال 2024-2023 جولائی تا نومبر میں 16 لاکھ افراد کو اراضی ریکارڈ سے متعلق خدمات فراہم کی گئیں۔علاوہ ازیں ساڑھے 4لاکھ صارفین کو انتقالات اور11.5لاکھ کو فردات کی خدمات فراہم کی گئیں۔انتقالات کی مد میں 60کروڑ جبکہ فردات کی مد میں 70کروڑ کی آمدن ہوئی۔
پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی کی جانب سے عوامی سہولت کے پیش نظر دیگر اصلاحاتی اقدامات جیسے رجسٹری بذریعہ ای رجسٹریشن کے ذریعے صارفین کے لیے رجسٹری کے طریقہ کار مزید آسان بنایاگیا ہے۔شہری اراضی کے ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن اورISOسرٹیکفیکشن پر بھی پیش رفت جاری ہے تاکہ شہریوں کے لیے اراضی ریکارڈ کی بہترین اور معیاری سروسز کو یقینی بنایا جاسکے۔
ڈائریکٹر جنرل پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی سائرہ عمر کا کہنا ہے کہ پلرا میں ماڈرن ٹیکنالوجی اور جدید سافٹ وئیر کو استعمال کرتے ہوئے لینڈ ریکارڈ سروسز کا حصول خود کار طریقے سے ممکن بنایا جارہا ہے جس کی بدولت عوام کے لیے ریکارڈ کی رسائی کے تمام مراحل کو آسان اور محفوظ بنایا جائے گا۔