پنجاب مسلم لیگ (ن) کا تھا اور رہے گا، مسلم لیگ (ن) پنجاب میں آج سرخرو ہوئی، عمران خان فرعون بننے کی کوشش نہ کریں، ان کی طرح بہت سے فرعون آئے اور چلے گئے، عمران خان کو ان کی زبان میں ہی جواب دیا جائے گا، مریم اورنگزیب

113

لاہور۔23جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب مسلم لیگ (ن) کا تھا اور رہے گا، پنجاب کا مینڈیٹ نواز شریف کا مینڈیٹ تھا جو آج واپس لے لیا، آج مسلم لیگ (ن) پنجاب میں سرخرو ہوئی، عمران خان فرعون بننے کی کوشش نہ کریں، ان کی طرح بہت سے فرعون آئے اور چلے گئے، عمران خان جھوٹا، منافق اور سازشی شخص ہے، عمران خان آج مسترد ہو کر پارلیمان اور پنجاب سے باہر ہے، آئین کی تشریح مرضی سے نہیں ہونے دیں گے، ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے عین مطابق رولنگ دی کہ پارٹی سربراہ کی ہدایت کے خلاف کوئی ووٹ نہیں ڈال سکتا، چوہدری شجاعت حسین کو سلام پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے اپنے پارٹی ممبران کو ایک مکار شخص کے امیدوار کو ووٹ نہ دینے کی ہدایت جاری کی۔ جمعہ کو یہاں گورنر ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج مسلم لیگ (ن) پنجاب اسمبلی میں سرخرو ہوئی، آج اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان میں جمہوریت کی فتح ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی نے عین سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق رولنگ دی کہ پارٹی سربراہ کی ہدایت کے خلاف کوئی پارٹی رکن ووٹ نہیں دے سکتا۔ انہوں نے کہا کہ آج ایک منافق، جھوٹا، مکار اور سازشی شخص جمہوریت کی بات کر رہا تھا، یہ وہ شخص ہے جس نے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سے رولنگ دلوا کر آئین شکنی کروائی۔ اس رولنگ کے خلاف سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا کہ عمران خان نے آئینی عہدوں سے آئین شکنی کروائی۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین کو سلام پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے اپنے پارٹی ممبران کو ایک مکار شخص کے امیدوار کو ووٹ نہ دینے کی ہدایت جاری کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ ایک پارٹی سربراہ کی ہدایت تھی اور اسی کے مطابق ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی نے رولنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 2018ء میں جب دوسری جماعتوں کے لوگ خریدے، جب سینیٹ الیکشن، خیبر پختونخوا کے انتخابات، کوئٹہ اور بلوچستان میں ووٹ خریدے گئے، تب انہیں حیرانگی نہیں ہوئی تھی، آج انہیں حیرانگی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے انتخابات میں ووٹ خریدے، 2018ء میں پنجاب کا مینڈیٹ نواز شریف کا تھا جو عمران خان نے چوری کیا اور پھر عمران خان نے چار سال تک پنجاب کے عوام کو لوٹا، بے روزگار کیا، بھوکا کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے چار سال جھوٹے الزامات عائد کئے، عمران خان نے وزارت عظمیٰ کی کرسی استعمال کر کے اپنے سیاسی مخالفین کو جیلوں میں ڈالا۔ عمران خان نے اپنے دور میں میڈیا کے لوگوں کی پسلیاں توڑیں، صحافیوں کے قلم توڑے، اتنا سب کچھ کرنے کے بعد وہ ایک الزام بھی ثابت نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی آئین کی تشریح اپنی مرضی سے کرنے کی کوشش کرے گا ہمیں قبول نہیں ہوگا، آئین کی تشریح آئین اور پارلیمان کے مطابق ہوگی، کسی کی مرضی کے مطابق آئین کی تشریح نہیں ہوگی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تین روز سے عمران خان گھٹیا زبان استعمال کر رہے ہیں، وہ الیکشن کمیشن، پولیس، ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کو گالیاں دیتے رہے، آج وہ ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کو غیر آئینی کہہ رہے ہیں، دراصل عمران خان فسادی ہیں اور ملک میں خانہ جنگی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج چوہدری شجاعت کی ہدایت پر ڈپٹی سپیکر نے رولنگ دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جب اپنے ارکان کو ان کی مرضی کے خلاف ووٹ نہ دینے کی ہدایت کی تھی تب سب کچھ ٹھیک تھا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک میں سیاسی عدم استحکام لانا چاہتے ہیں تاکہ ملکی معیشت سنبھل نہ سکے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے ملک کو سری لنکا بنانے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے بھی فیصلہ دیا کہ عمران خان نے آئین پر حملہ کیا ہے، عمران خان نے اپنے دور میں چار سال عوام کو لوٹا، اپنی گھر والیوں کے ذریعے عوام پر ڈاکے ڈلوائے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان وہ بہروپیا ہے جو معصوم شکل بنا کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جوان بچوں کے ہاتھوں میں اسلحہ اور ڈنڈے پکڑوائے، پی ٹی آئی نے ڈسکہ کا الیکشن چوری کیا۔ لانگ مارچ کے اندر پی ٹی آئی کے کارکنوں نے چھتوں سے پولیس والوں کو گولیاں ماریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ قدرت کا نظام ہے، عمران خان نے جو بویا آج وہی کاٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے لوگوں کی بے گناہ بیٹیوں کو ہتھکڑیاں لگائیں، عمران خان جو بکواس کرے گا اس کا جواب اسی طرح جواب دیا جائے گا، پچھلے چار سال پنجاب میں کرپشن کر کے انہوں نے اپنا منہ کالا کیا، ووٹ پر ڈاکہ ڈال کر دوسروں پر الزام عائد کرنا ان کا وطیرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اقتدار کی طاقت کو استعمال کر کے بھی ایک پائی کی کرپشن ثابت نہیں کر سکے، عمران خان کو ان کی زبان میں شٹ اپ، وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ شہباز شریف دن رات اس ملک میں رواداری اور اتحاد کے ذریعے ملک میں معاشی استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں لیکن دوسری جانب ایک شخص ملک میں انتشار چاہتا ہے اس کا نام عمران خان ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے پنجاب کے الیکشن میں سیاسی دھندا کیا، شرقپوری اور فیصل نیازی مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج عمران خان عوام سے مسترد ہو کر پارلیمان اور پنجاب سے باہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرخرو کرنا اللہ کا کام ہے، یہ قدرت کا نظام ہے، عمران خان کو ابھی بہت سا حساب دینا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب مسلم لیگ (ن) کا تھا اور رہے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ہے کہ پارٹی سربراہ کی ہدایت کے خلاف کوئی رکن ووٹ نہیں دے سکتا، اس لئے اس فیصلے پر مزید کسی تشریح کی ضرورت نہیں، الیکشن کمیشن کا بھی اس بارے میں فیصلہ موجود ہے۔ اس حوالے سے اپیل عمران خان ہی سپریم کورٹ لے کر گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان فرعون بننے کی کوشش نہ کریں، ان کی طرح بہت سے فرعون آئے، انہیں بھی اسی طرح جانا پڑے گا۔