ملتان۔ 31 اگست (اے پی پی):چیئرپرسن ٹاسک فورس برائے پرائس کنٹرول پنجاب سلمیٰ بٹ نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں سرکاری ریٹس پر عملدرآمد کیلئے دکانوں کی جیو ٹیگنگ کی جارہی ہے ،صوبہ بھرمیں اشیاء خوردو نوش کی منڈیوں سے مارکیٹ تک سستی فراہمی کیلئے نیا میکنزم لارہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں اپنے دورہ ملتان کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔چیئرپرسن پرائس ٹاسک فورس کی صدارت میں کمشنر آفس میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔
دوران اجلاس کمشنر مریم خان اور ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے پرائس کنٹرول میکنزم پر بریفنگ دی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سلمیٰ بٹ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف عوام کو مہنگائی سے بچانے کیلئے اقدامات پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں،اس سلسلے میں حکومت پنجاب کی جانب سے سرکاری ریٹس پر عملدرآمد کیلئے صوبہ بھر میں دکانوں کی جیو ٹیگنگ کی جارہی ہے،منڈیوں سے مارکیٹ تک اشیاء خوردو نوش کی سستی فراہمی کیلئے نیا میکنزم لارہے ہیں،پرائس کنٹرول کیلئے حکومت پنجاب ایک الگ محکمہ بنانے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔سلمیٰ بٹ نے زور دیا کہ ناجائز منافع خوروں اور گراں فروشوں پر بلاجھجک مقدمات درج کرائے جائیں۔
کمشنر مریم خان نے بریفنگ میں بتایا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا کڑا جائزہ لے رہے ہیں،ڈویژن بھر میں گراں فروشی روکنے کیلئے بھرپور کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے۔کمشنر مریم خان نے مزید بتایا کہ رواں ماہ لاکھوں روپے جرمانے عائد کرکے درجنوں گراں فروشوں کو جیل بھیجوایاگیا۔
ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے بتایا کہ ضلع ملتان کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس انسپکشن کی مد میں صوبے بھر میں سر فہرست ہیں،عادی گراں فروشوں کے کاروبار بند کرکے بھاری جرمانے عائد کرنے کی ہدایات کی ہیں۔ سلمیٰ بٹ نے ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی پر اظہار اطمینان کیا۔علاوہ ازیں چیئرپرسن ٹاسک فورس برائے پرائس کنٹرول پنجاب سلمیٰ بٹ نے شہر اولیاء کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔اس دوران انہوں نے بازاروں اور مارکیٹوں میں اشیاءخوردونوش کی قیمتوں کو چیک کیا۔
سلمیٰ بٹ نے غلہ منڈی کا وزٹ بھی کیا اور مارکیٹ کمیٹی وآڑھتیوں سے ملاقات کی۔انہوں نے پرائس لسٹ کی خلاف ورزی پر متعدد دکانداروں کو جرمانے عائد کرنے کیلئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ابو بکر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد سیف کو ہدایت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سلمی بٹ نے کہا کہ منڈیوں سے مارکیٹس تک سپلائی چین کو سختی سے مانیٹر کررہے ہیں، اشیاءخوردونوش کی سرکاری قیمتوں پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی کنٹرول کرنے کے ساتھ ساتھ آڑھتیوں اور تاجروں کے مسائل بھی حل کرینگے،تاجر برادری کے نمائندگان اشیاءخوردونوش کی قیمتوں میں استحکام لانے کیلئے ضلعی انتظامیہ کیساتھ تعاون کریں۔
سلمی بٹ نے تاجر برادری اور مارکیٹ کمیٹی کے نمائندگان کے مسائل سنے اور انکے حل کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔