پنجاب میں انڈسٹری کو فروغ دینے کیلئے موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں ، سولر پینل سکیم وزیراعلی کا فلیگ شپ پروگرام ہے، عظمیٰ بخاری

129

لاہور۔12دسمبر (اے پی پی):وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں انڈسٹری کو فروغ دینے کیلئے موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں، سولر پینل سکیم وزیراعلیٰ کا فلیگ شپ پروگرام ہے، سولر پروگرام کو آگے لے جانے کیلئے دنیا کی بڑی کمپنیوں سے بات چیت کی جائے گی۔

جمعرات کے روز جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں انڈسٹری کو فروغ دینے کیلئے موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں، پنجاب حکومت تین معاہدے بینک آف پنجاب کے ساتھ سائن کرنے جا رہی ہے،پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے ایک انویسٹمنٹ کانفرنس کا انعقاد کیا جا ر ہا ہے جس میں دنیا کی بڑی کمپنیز شریک ہوں گی، صوبے میں بیرونی سرمایہ کاری سے انڈسٹری کو فروغ اور ملکی زرمبادلہ میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا ۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب کیلئے بہت ساری اچھی خبریں ہیں، وزیراعلیٰ کے دورہ چین میں دو تین چیزیں اہم تھیں، سموگ سے ہم سب لڑ رہے ہیں، سموگ سے لاہور، پشاور، کراچی سمیت پورا پاکستان متاثر ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز سموگ کے حل کیلئے چین کے ساتھ کام کرنا چاہتی تھیں۔

وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے پوچھا کہ کوڑے سے کس طرح بجلی پیدا کی جا سکتی ہے اور اسے کیسے استعمال میں لایا جا سکتا ہے، سولر پینل سکیم وزیراعلیٰ کا فلیگ شپ پروگرام ہے اورسولر پروگرام کو آگے لے جانے کیلئے دنیا کی بڑی کمپنیوں سے بات چیت ہوگی۔