فیصل آباد ۔ 21 اگست (اے پی پی):ڈویژنل ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری خالد محمود نے کہا ہے کہ پنجاب میں خریف میں 48لاکھ ایکڑاورربیع میں 25لاکھ65 ہزار ایکڑ سے زائدرقبہ پر چارہ کاشت کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی کے تناسب سے دودھ و گوشت کی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے ربیع چارے کی زیادہ سے زیادہ رقبہ پر کاشت یقینی بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جاتے ہیں اور کاشتکاروں کی بھرپور رہنمائی کی جاتی ہے تاکہ مویشیوں کی بہتر نشو ونما کے لئے سبز چارے کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ مویشیوں کی بہتر نشوونما کے لئے سبز چارے کی پیداوار میں اضافہ ضروری ہے کیونکہ مستقبل کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی کی دودھ اور گوشت کی ضرورت پوری کرنے کے لئے ہمیں چارے کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کرنا ہوگا۔انہوں نے بتایاکہ اس ضمن میں محکمہ زراعت کی جانب سے خصوصی آگاہی مہم بھی شروع کی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ کاشتکاروں اور کسانوں کو ربیع کے چارے کی کاشت کی ترغیب دی جاسکے۔