اسلام آباد۔21جون (اے پی پی):ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفی شاہ نے کہا ہے کہ پنجاب میں دفعہ 144 کا نفاذ صوبائی معاملہ ہے، یہ صوبائی حکومت ہی حل کر سکتی ہے۔
جمعہ کو قومی اسمبلی میں انہوں نے یہ رولنگ قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان کے نکتہ اعتراض پر دی۔ قبل ازیں عمر ایوب خان نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ ہماری جماعت نے احتجاج کی کال دی ہے جس پر پنجاب میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے ہم اس کی مذمت کرتے ہیں، ارکان اسمبلی کے گرفتار ہونے کا خدشہ ہے، یہ آئین اور ہمارے جمہوری حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
سپیکر کی چیئر اس حوالے سے رولنگ دے۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ یہ صوبائی معاملہ ہے توقع ہے کہ پنجاب حکومت ہی اسے حل کرے گی۔