لاہور۔31مئی (اے پی پی):وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں سبزیوں کی قیمتیں گزشتہ 6 سال کی کم ترین سطح پر آگئی ہیں۔سبزیوں کی قیمتوں میں 100 تک کمی ہوئی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ذاتی دلچسپی سے سبزیوں کی قیمتیں کم ہورہی ہیں۔پنجاب میں سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے کی خبریں بے بنیاد ہیں۔
لاہور میں درجہ اول کے آلو 70 روپے درجہ دوئم کے آلو 60 روپے کلو فروخت ہورہے ہیں۔تین ماہ قبل 250 روپے کلو فروخت ہونے والا پیاز آج 100 روپے کلو فروخت ہورہا ہے۔درجہ اول کے ٹماٹر 37 سے 40 روپے کلو اور درجہ دوئم کے ٹماٹر 30 سے 35 روپے کلو فروخت ہورہے ہیں۔400 روپے کلو والی بھنڈی 150 روپے کلو فروخت ہورہی ہے۔گرمی بڑھنے سے لیموں کی طلب میں اضافہ ہوا اس لیے قیمت بڑھ گئی ہے۔
لیموں کا جیسے ہی نیا سیزن آئے گا قیمتیں بھی کم ہو جائیں گی۔پنجاب میں ایک مدت کے بعد سبزیوں کی قیمتوں میں بڑی حد تک کمی آئی ہے۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ذاتی دلچسپی سے سبزیوں کی قیمتیں کم ہورہی ہیں۔مریم نواز نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو قیمتیں کنٹرول کے لئے متحرک کیا ہے۔
مریم نواز ہفتے میں ایک مرتبہ لازمی پرائس کنٹرول پر میٹنگ کرتی ہیں۔صوبے بھر کے ڈی سی،اے سی اور کمشنر پرائس کنٹرول کے لیے روزانہ مارکیٹوں کے وزٹ کرتے ہیں۔ہماری کوشش ہے عید الاضحی پر بھی سبز مصالحہ جات کی قیمتوں کو ایسے ہی برقرار رکھا جائے۔