پنجاب میں سخت پابندیوں کی وجہ سے کوروناکیسزکی تعدادکم ہوئی،یاسمین راشد

60
وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد اور وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نےاساتذہ کےلئے پہلے ویکسینیشن سینٹر کا افتتاح کر دیا

راولپنڈی۔23مئی (اے پی پی):وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ صوبے میں ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کیا گیا ہے جس کے باعث کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد کم ہوئی ہے۔راول پنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ جتنے مریض ہسپتالوں میں آرہے ہیں ان سے کہیں زیادہ صحت یاب ہو کر گھر جا رہے ہیں، مہینہ میں پہلے روزانہ کے چار ہزار کیسز آرہے تھے، آج کورونا کے 901 کیسز سامنے آئے ہیں، ماسک پہننے سے 72 فیصد افراد وباء سے بچ جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہر قسم کی تجارتی سرگرمی رات 8 بجے کے بعد بند ہے۔ کھیلوں کی سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد ہے، پنجاب میں دو ہزار 818 بیڈز میں سے 1804 بیڈز زیر استعمال ہے، 20ہزار 922 وینٹی لیٹرز بیڈ میں سے 550 زیر استعمال ہیں۔راولپنڈی کا ذکر کرتے ہوئے وزیر صحت پنجاب نے کہا کہ راول پنڈی سے مریضوں کی شکایات نہیں آرہیں۔ راوپنڈی میں کورونا کی شرح 3.5 فیصد ہو چکی ہے۔ راجن پور، لیہ، اوکاڑہ، پاکتن میں کورونا پھیلاؤ کی شرح 8 فیصد سے کم ہوئی۔ ساہیوال، خانیوال، گجرات، ننکانہ، لودھراں میں بھی کورونا پھیلاؤ کی شرح 8 فیصد سے کم ہوئی ہے۔وزیر صحت پنجاب نے بتایا کہ پبلک ٹرانسپورٹ 50 فیصد گنجائش کےساتھ چل رہی ہے۔ بھارت کے مقابلے میں پاکستان کی صورت حال بہتر ہے، کھیلوں کی سرگرمیوں پر مکمل پابندی ہے۔ پنجاب میں 9500 لوگ کورونا کے باعث انتقال کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ہفتے مزید 8 ویکسی نیشن سینٹر قائم کئے جائیں گے۔