لاہور۔27اگست (اے پی پی):صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں سیلاب سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، متاثرہ علاقوں کے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے، سیلابی صورتحال کی وزیراعلی پنجاب مریم نواز براہ راست مانیٹرنگ کر رہی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر عظمی بخاری نے کہا کہ سیالکوٹ میں گیارہ سالہ بارش کا ریکارڈ ٹوٹا ہے جبکہ راوی میں38 سال بعد ایسی سیلابی صورتحال سامنے آئی ہے۔
وزیراعلی نے جاپان سے واپسی پر جہاز میں ہی سیلابی صورتحال پر میٹنگ کی اور آج بھی مختلف اجلاسوں کی صدارت کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سیلاب سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، متاثرہ علاقوں کے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ فوج کی خدمات بھی طلب کرلی گئی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ہر قسم کی ہنگامی صورتحال کے لیے تیار ہے، پنجاب میں آٹے اور ادویات کی کوئی قلت نہیں اور آٹے کی قیمت بڑھانے کی اجازت بھی نہیں دی گئی۔وزیراعلی مریم نواز کے حالیہ جاپان کے دورے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر عظمی بخاری نے بتایا کہ دورہ جاپان حکومت کی دعوت پر کیا گیا جہاں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری پر بات ہوئی اور کمپنیوں کے ساتھ معاہدے کئے گئے،
جاپانی کمپنیوں نے پنجاب میں فٹ بال،گارمنٹس اور ہوزری کے شعبوں میں سرمایہ کاری پر رضا مندی ظاہر کی ہے جبکہ ہنڈا کمپنی اپنے پلانٹ میں توسیع کرے گا جس سے روزگار کے مواقعوں میں اضافہ ہو گا۔صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد برتھ نے کہا کہ جاپان انسٹیٹیوٹ آف میڈیسن سمیت مختلف اداروں کے دورے کئے گئے اور سرمایہ کاری کے منصوبے پلان کے مطابق شروع ہوں گے۔
صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ ستھرا پنجاب ایک منفرد پروگرام ہے جس کے تحت صوبے میں روزانہ50 ہزار ٹن کوڑا اٹھایا جا رہا ہے،جاپان سالڈ ویسٹ سے بجلی بنا رہا ہے ،وزیراعلی مریم نواز نے جاپان میں ویسٹ ٹو انرجی اور واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کا بھی معائنہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے13 شہروں میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پر کام جاری ہے اور کوڑے سے بجلی و بائیو فیول بنانے کے منصوبے پر عمل شروع ہوگا۔