پنجاب میں سینٹ الیکشن پر پی پی پی، ن لیگ کے درمیان مک مکا ہوا ، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی وزیراعظم عمران خان کے دورہ لاہور کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ

68
پنجاب میں سینٹ الیکشن پر پی پی پی، ن لیگ کے درمیان مک مکا ہوا ، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی وزیراعظم عمران خان کے دورہ لاہور کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ
پنجاب میں سینٹ الیکشن پر پی پی پی، ن لیگ کے درمیان مک مکا ہوا ، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی وزیراعظم عمران خان کے دورہ لاہور کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ

لاہور۔26فروری (اے پی پی):معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پنجاب میں سینٹ الیکشن پر پی پی پی اور ن لیگ کے درمیان مک مکا ہوا ، ڈسکہ الیکشن کے حوالے سے سپریم کورٹ کی بجائے ہائیکورٹ الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج کرنے جا رہے ہیں جس کا حتمی فیصلہ وزیراعظم کریں گے ، پنجاب حکومت بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے الیکشن شیڈول کے مطابق عملدرآمد کرنے کی اہلیت رکھتی ہے تاہم بلدیاتی انتخابات کو لین دین کے کلچر سے بچانے کیلئے اوپن بیلٹنگ و دیگر اصلاحات زیرغور ہیں، لاہور میں سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبے سے پاکستان کی معیشت میں 1300 ارب شامل اور حکومت کو 250 ارب روپے ٹیکس ملے گا،لاہور کی بڑھتی ہوئی آبادی کیلئے راوی اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ شروع کیا ہے۔

یہ بات انہوں نے ایوان وزیراعلیٰ میں میڈیا کو وزیراعظم عمران خان کے دورہ لاہور کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتائی، معاون خصوصی نے کہا کہ اپوزیشن والے کرپشن کے کنویں کے مینڈک ہیں، انہیں سیاست میں کرپشن کے سوا کچھ نظر نہیں آتا،یہ لوگ اقتدار میں آنے کیلئے کرپشن سے کمایا ہوا مال لگاتے ہیں اور پھر اقتدار میں آکر مزید کرپشن کرتے ہیں،

انہوں نے کہا کہ مشکل وقت سے نکلنے کے بعد وزیر اعظم عمران خان حالات کے مطابق معاشی نظام میں تبدیلیاں لا رہے ہیں،قطر سے ایل این جی کے نئے معاہدہ سے اب ہر سال 300 ملین ڈالرز کی بچت ہو گی، اسی طرح راوی اربن پراجیکٹ اور بزنس ڈسٹرکٹ منصوبے میں اوورسیز کی بہت دلچسپی ہے ،اس سے ملک میں زر مبادلہ آئے گا،معاون خصوصی نے مزید کہاکہ لاہور پھیلتا جا رہا ہے جسے روکنے کیلئے ورٹیکل جانا پڑے گا،وزیر اعظم کے ویز ن کے مطابق صوبہ میں ماحول کو محفوظ رکھنے کیلئے بڑے پیمانے پر شجر کاری بھی کی جا رہی ہے،اسی طرح بہتر معاشی پالیسیوں کی بدولت مسلسل 6 ماہ سے کرنٹ اکائونٹ سرپلس میں ہے،

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ملک میں تنخواہ دار طبقہ کو گھر مہیا کرنے کیلئے پروگرام کا آغاز کیاہے،یہ کم لاگت ہائوسنگ پراجیکٹ وفاقی حکومت کی طرز پر پنجاب میں بھی تحصیل کی سطح پر لانچ کیا جا رہا ہے، اس پروگرام میں بینک چھوٹے ملازمین کو قرض دیں گے اور لوگ کرایہ کے بجائے ساڑھے سات ہزار روپے کی ماہانہ قسط کی ادائیگی سے صرف 11لاکھ روپے میں اپنے گھر کے مالک بنیں گے،معاون خصوصی نے کہا کہ فرد کے حصول کیلئے اراضی سینٹرز میں آنے والوں کو ہر صورت کرپشن سے بچایا جائے گا ،ان اراضی سینٹرز کو اب 8ہزار نادرا سینٹرز سے بھی منسلک کر دیا گیا ہے،

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے بنائے گئے میکنزم پر موثر طریقے سے عملدرآمد پر زور دیا ہے،صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ن لیگ نے آج تک کوئی سچ نہیں بولا، ن لیگی رہنمائوں نے جھوٹ کی فیکٹریاں لگائی ہوئی ہیں جہاں جھوٹ سازی سے نسخے تیار کر کے ان کی مارکیٹنگ کی جاتی ہے،

انہوں نے مزید کہا کہ جن کے پاس ووٹ نہیں وہ نوٹوں کا استعمال کر کے اپنا بدبودار بیانیہ لے کر سینٹ کے دروازے پرکھڑے لوگوں کو اندر بھیجنا چاہتے ہیں،ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جہانگیرترین اسلام آباد میں محبت اور پیار کی جپھیاں جبکہ دوسری طرف موجود لوگ نوٹوں کی گٹھیاں چلا رہے ہیں، پی ٹی آئی کا پہلے دن سے موقف ہے کہ صاف شفاف الیکشن اس ملک کی بنیادی ضرورت ہے ، انہوں نے کہا کہ سینٹ الیکشن کے بعد یقینا سینٹ میں پی ٹی آئی کو اکثریت مل جائے گی جس کے بل بوتے پر ہماری جماعت ووٹ کے تقدس کی بحالی یقینی بنانے کے لئے قانون سازی کرے گی ،انہوں نے کہاکہ اگراپوزیشن نے تعاون نہ کیا تو انتخابی اصلاحات کا خواب پورا نہیں ہو گا۔