پنجاب میں سینیٹ کی جنرل نشستوں پر سات امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہو گئے،ترجمان الیکشن کمیشن

62
Election Commission

لاہور۔27مارچ (اے پی پی):پنجاب میں سینیٹ کی جنرل نشستوں پر سات امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہو گئے۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب کی سات جنرل نشستوں پر بارہ امیدواروں میں مقابلہ تھا ۔ بدھ کو پانچ امیدوار وں نے کاغذات واپس لے لئے جس کے بعد سات جنرل نشستوں پر سات امیدوار ہی میدان میں رہ گئے جس کی وجہ سے تکنیکی طور پر ساتوں امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہو گئے۔

ترجمان کے مطابق جنرل نشستوں پر مسلم لیگ ن کے پانچ اور تحریک انصاف کے دو امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوئے ہیں ۔مسلم لیگ ن کے کامیاب امیدواروں میں پرویز رشید ، ناصر محمود ، احد چیمہ اور طلال چوہدری جبکہ حکومتی اتحاد کے حمایت یافتہ محسن نقوی بھی شامل ہیں ۔ اسی طرح سنی اتحاد کونسل کے راجہ ناصر عباس، اور حامد خان ایڈووکیٹ بھی کامیاب ہوئے ہیں ۔ کاغذات واپس لینے والوں میں ولید اقبال، شہزاد وسیم ، اعجاز منہاس، مصدق ملک اور عمر چیمہ شامل ہیں۔