پنجاب میں سینیٹ کی 12 نشستوں پر 28 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروادیئے

117

لاہور۔16مارچ (اے پی پی):پنجاب میں سینیٹ کی بارہ نشستوں پر 28 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے ہیں۔ ہفتہ کے روز الیکشن کمیشن پنجاب کے دفتر میں کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے۔الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق جنرل نشستوں کیلئے 17،خواتین کی نشستوں کیلئے 5، ٹیکنوکریٹس اور غیر مسلم کی نشست پرتین، تین امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آزاد امیدوار کے طور پر کاغذات نامزدگی جمع کروائے جبکہ ن لیگ کی جانب سےاحد چیمہ ،پرویز رشید ، مصدق ملک ، ناصر بٹ اور سنی اتحاد کونسل کی طرف سے حامد خان ،زلفی بخاری اور اعجاز منہاس نے کاغذات نامزدگی جمع کرادئیے۔ خواتین کی نشست پر پیپلز پارٹی کی فائزہ ملک، سنی اتحاد کی ڈاکٹر یاسمین راشد ،صنم جاوید خان، ن لیگ کی انوشے رحمان نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ۔

کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی 19 مارچ کو مکمل ہوگی ، 21 مارچ کوکاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں دائر ہوسکیں گی، جن پر ٹربیونل کی جانب سے اپیلوں پر فیصلے 25 مارچ تک صادرکئے جائیں گے ، دو اپریل کو پنجاب اسمبلی لاہور میں صبح نو بجے سے شام چار بجے تک پولنگ ہوگی۔