لاہور۔30مئی (اے پی پی):پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)نے گزشتہ تین روز کے دوران صوبے میں ہونے والی شدید آندھی، بارش، ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مختلف واقعات میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 25 زخمی ہوگئے۔ رپورٹ کے مطابق میانوالی اور اٹک میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ ملتان میں ایک بوسیدہ عمارت گرنے سے ایک شہری جاں بحق ہوا۔ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق متاثرہ شہریوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا جبکہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو بھی حکومتی پالیسی کے تحت مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ آسمانی بجلی کی گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر پناہ لی جائے اور آندھی و طوفان کی صورت میں غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے۔
محکمہ موسمیات کی پیشنگوئی کے مطابق پری مون سون بارشوں کا یہ سلسلہ 31 مئی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، سرگودھا، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان اور ملتان سمیت مختلف شہروں میں بارش اور آندھی کے امکانات ہیں۔پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ موسمی حالات پر گہری نظر رکھیں اور سرکاری ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ قیمتی جانوں اور املاک کا تحفظ ممکن ہو سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603219