پنجاب میں شدید بارشوں کا امکان، پی ڈی ایم اے نے اضلاع کو ہائی الرٹ کر دیا

لاہور۔8ستمبر (اے پی پی):پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے مختلف اضلاع میں نمایاں بارش ریکارڈ ہوئی،جن میں جہلم96 ملی میٹر،جھنگ 77، نورپور تھل 70، …

لاہور۔8ستمبر (اے پی پی):پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے مختلف اضلاع میں نمایاں بارش ریکارڈ ہوئی،جن میں جہلم96 ملی میٹر،جھنگ 77، نورپور تھل 70، خانیوال 55، لیہ 42، راولپنڈی 34، ساہیوال 32،منگلا 29، چکوال 26، ڈیرہ غازی خان 21، فیصل آباد20 اور اوکاڑہ17 ملی میٹر شامل ہیں۔دیگر اضلاع میں بھی بارشیں ہوئیں جیسے منڈی بہاوالدین16 ملی میٹر، بہاولپور 15،ملتان 15، سرگودھا 14،جوہرآباد 13، ٹوبہ ٹیک سنگھ 11،کوٹ ادو 10، سیالکوٹ 6،نارووال 5 اور قصور میں4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

مون سون بارشوں کا 10واں اسپیل9 ستمبر تک جاری رہے گا۔پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، لاہور، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد، منڈی بہاوالدین، اوکاڑہ، ساہیوال، قصور، جھنگ، سرگودھا، میانوالی، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور راجن پور میں مزید بارشوں کا امکان ہے جبکہ ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں 9 ستمبر تک فلیش فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ دریائے چناب، راوی اور ستلج میں سیلابی صورتحال کا سامنا ہے جبکہ بڑے شہروں میں ندی نالے بپھرنے کا امکان ہے۔ محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک سمیت تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ڈی جی نے شہریوں سے اپیل کی کہ خراب موسم میں غیر ضروری سفر اور دریاوں کے اطراف جمع ہونے سے گریز کریں، آندھی و طوفان کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن1129 پر فوری رابطہ کریں۔