لاہور۔26 فروری(اے پی پی )وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ مالی امداد نہیں، یونیسیف ہمیں تکنیکی معاونت فراہم کرے۔ پنجاب میں عوامی فلاح و بہبود کے ترقیاتی منصوبے اپنے وسائل سے مکمل کریں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے یونائیٹڈ نیشنز چلڈرن فنڈ کے اعلیٰ سطح کے 7 رکنی وفد سے ملاقات میں کہا کہ پنجاب میں ماں بچے کی صحت، ویکسینیشن، ابتدائی تعلیم اور دیگر شعبوں میں یونیسیف کا تعاون قابل قدر ہے۔ پولیو اور نومولود بچوں کی اموات پر قابو پانے کے لئے حکومت پنجاب کے اقدامات کے خاطرخواہ نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں اختراعی منصوبوں کے لئے مالی وسائل ہم فراہم کریں گے، یونیسیف کے ماہرین کی پیشہ ورانہ مہارتوں سے فائدہ اٹھا کر منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔