پنجاب میں منظم طور پر امن وامان کی صورتحال خراب کرنے کی سازش کی جارہی ہے، صوبائی وزیر اطلاعات

118

لاہور۔18اکتوبر (اے پی پی):صوبائی وزیراطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں منظم طور پر امن وامان کی صورتحال خراب کرنے کی سازش کی جارہی ہے ، کسی کو اجازت نہیں کہ وہ امن وامان خراب اور بغاوت کی کالز دے،وہ جمعہ کو لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں ۔عظمی بخاری نے کہا کہ سوشل میڈیا کے غلط استعمال سے معصوم بچیوں کی زندگی خراب کرنے کی کوشش کی گئی،کوئی الزام لگارہا ہے تو وہ ثبوت بھی پیش کرے۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ ایک بچی کے نام پر تین بچیوں کی تصاویر لگائی گئیں، ایک اور بچی نے وزیراعلی مریم نواز سے خود رابطہ کیا ،جو بچی احتجاج میں بے ہوش ہو گئی، اس کی بھی وڈیو لگائی گئی، دوسروں کی بچیوں کا تو لحاظ کرلو، اپنی سیاست کیلئے اتنا کیوں گررہے ہو؟۔صوبائی وزیر نے کہا کہ میں کسی غلط بیان کو قبول نہیں کرتی، کسی کی بچی اس ملک میں سستی نہیں، خاص طور پر پنجاب میں کسی کی بچی سستی نہیں ہے۔

صوبائی وزیراطلاعات نے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے ملک میں امن و امان کو خراب کرنے کی کوشش کی گئی ، والدین پولیس اسٹیشنوں کے باہر کھڑے ہوکر رل رہے ہیں، نو مئی والی لوٹ مار کی گئی ہے، تحریک فساد پارٹی آج معصوم بننے کی کوشش کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا اکائونٹس کے ذریعے مہم چلائی جارہی ہے، اپنے ملک پر بغاوت کو فرض قرار دیا جارہا ہے، والدین ،اساتذہ اور میڈیا اپنی اپنی ذمہ داری پوری کریں۔