پنجاب میں مون سون بارشوں کا دوسرا سلسلہ5 جولائی سے شروع ہو گا، پی ڈی ایم اے کاالرٹ جاری

44
PDMA

لاہور۔3جولائی (اے پی پی):پنجاب میں مون سون بارشوں کا دوسرا سلسلہ 5 جولائی سے شروع ہو گا،5 سے 10 جولائی کے دوران صوبہ بھر میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی ہے، پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبہ بھر کی انتظامیہ کو بارشوں بارے الرٹ جاری کر دیا۔ترجمان کے مطابق راولپنڈی، مری ،گلیات، اٹک ،چکوال، جہلم، منڈی بہائوالدین ،گوجرانولہ، حافظ آباد اور وزیرآباد میں بارشیں متوقع ہے،

لاہور شیخوپورہ، سیالکوٹ ،نارووال، ساہیوال ،جھنگ ،ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ، چنیوٹ اور فیصل آباد میں بھی بارشیں ہوں گی، اوکاڑہ، قصور، خوشاب، سرگودھا ،بھکر اور میانوالی میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں کی پیشگوئی ہے، 6 سے 8 جولائی کے دوران بہاولپور، بہاولنگر، ڈی جی خان، ملتان ،مظفرگڑھ ،خانیوال ،لودھراں ،راجن پور ،رحیم یار خان اور لیہ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ 7 جولائی سے صوبے کے بڑے دریائوں میں پانی کے بہائو میں نمایاں اضافہ ہو گا

،دریائوں سے ملحقہ ندی نالوں ،ہل ٹورنٹس اور برساتی نالوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے، شمالی اور وسطی پنجاب کے شہریوں میں شدید بارش کے باعث اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے مطابق تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے،

واسا ریسکیو سمیت تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، محکمہ صحت آبپاشی ،تعمیر و مواصلات ،لوکل گورنمنٹ اور لائیو سٹاک کو الرٹ جاری کر دیاگیا ہے، شہریوں سے بھی التماس ہے کہ خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کر یں،

آندھی و طوفان کی صورتحال میں محفوظ مقامات پر رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں، شہری آسمانی بجلی سے تحفظ کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں، بچوں کا خاص خیال رکھیں اور انہیں نشیبی علاقوں میں پانی اور بجلی تاروں و کھمبوں کے قریب ہرگز نہ جانے دیں۔انہوں نے مزید کہاکہ عوام ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔