پنجاب میں نئی سرمایہ کاری لانا میرا عزم،نئی صنعتیں لگیں گی تو لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی ملیں گے، چوہدری شافع حسین

17

لاہور۔30جون (اے پی پی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے چین کی ذی جیانگ لینیو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کمپنی کے سی ای او مسٹر وکٹر نے پیسک ہائوس میں ملاقات کی۔چین کے گروپ نے ٹیکسٹائل ڈیجیٹل پرنٹنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری کا عندیہ دیا۔چین کے گروپ نے سپیشل اکنامک زون فیصل آباد میں ٹیکسٹائل ڈیجیٹل پرنٹنگ کا کارخانہ لگانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ چین کا گروپ پنجاب میں سرمایہ کاری کرے،حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔چین کی متعدد کمپنیوں نے پنجاب میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے،مزید کمپنیاں سرمایہ کاری کیلئے تیار ہیں۔سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات حاصل ہیں۔یہاں سرمایہ کاری پر 10سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ اور ایک مرتبہ ڈیوٹی فری مشینری درآمد کی سہولت موجود ہے۔

چوہدری شافع حسین نے کہاکہ فیڈمک کے زیر اہتمام سپیشل اکنامک زون میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے کمیونٹی سینٹر بنایا جا رہا ہے۔سرمایہ کاروں کو کاروباری سرگرمیوں کے آغاز کیلئے ایک ہی چھت تلے تیزی سے این او سی جاری ہو رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب میں نئی سرمایہ کاری لانا میرا عزم ہے۔نئی صنعتیں لگیں گی تو لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی ملیں گے۔وزیرصنعت نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں گارمنٹ سٹی بن رہا ہے۔

چین کا گروپ ڈیجیٹل پرنٹنگ سروسز میں تربیت کی فراہمی کیلئے پنجاب کے فنی تعلیم کے اداروں سے اشتراک کرسکتا ہے۔چینی گروپ کو پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے ضرورت کے مطابق لینڈ فراہم کی جائے گی۔سیکرٹری ہاوسنگ نور الامین مینگل،ڈی جی پنجاب سرمایہ کاری بورڈ ڈاکٹر سہیل احمد،چین کی کمپنی کے حکام اور مقامی صنعتکار بھی ملاقات میں موجود تھے۔