پنجاب میں کپاس کی پیداوارمیں34.54فیصد ،سندھ میں 32.82فیصد کمی

102
جننگ فیکٹریوں میں کپاس کی آمدمیں سالانہ بنیادوں پرکمی

ملتان۔ 18 نومبر (اے پی پی):گزشتہ برس کے مقابلے پنجاب میں کپاس کی پیداوارمیں34.54فیصد جبکہ سندھ میں 32.82فیصد کمی ریکارڈ ہوئی ہے۔ پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کے مطابق اس برس پنجاب میں اب تک 22 لاکھ 44 ہزار 880 گانٹھیں پیدا ہوئیں جبکہ گزشتہ سال آج کی تاریخ میں 34 لاکھ 28 ہزار 915گانٹھیں حاصل ہوئی تھیں ۔

اس طرح گز شتہ برس کے مقابلے میں پنجاب میں 34.54فیصد کم پیداوار ہوئی۔ جبکہ سندھ میں امسال گزشتہ برس کے مقابلے میں 26 لاکھ 49 ہزار 68 گانٹھیں پیدا ہوئیں جبکہ گزشتہ سال 39 لاکھ 41 ہزار 709 گانٹھیں پیدا ہوئیں یعنی گزشتہ برس کے مقابلے میں سندھ میں 32.82فیصد کم پیداوار حاصل ہوئی۔ بلوچستان میں امسال ابتک 1 لاکھ 49 ہزار 900 گانٹھیں پیدا ہوئی ہیں۔

کم پیداوار کی وجوہات میں اگیتی کپاس کی تاخیر سے کاشت ،48سینٹی گریڈ کی ہیٹ ویو ،سیلابی بارشیں ،گلابی سنڈی اورسفیدمکھی جیسے کیڑوں کے حملے شامل ہیں ۔