33.8 C
Islamabad
منگل, اپریل 8, 2025
ہومزرعی خبریںپنجاب میں گزشتہ سال مجموعی طور پر 19.70ملین ایکڑ رقبہ سے زائد...

پنجاب میں گزشتہ سال مجموعی طور پر 19.70ملین ایکڑ رقبہ سے زائد پر کماد کی فصل کاشت کی گئی

- Advertisement -

فیصل آباد۔30اگست (اے پی پی):پنجاب میں گزشتہ سال مجموعی طور پر 19.70ملین ایکڑ رقبہ سے زائد پر کماد کی فصل کاشت کی گئی جہاں سے52.7ملین ٹن سے زائد پیداوار حاصل ہوئی جبکہ اکثر کھیتوں سے کاشتکاروں کی اوسط پیداوار 636.1من فی ایکڑ رہی جس کے برعکس ترقی پسند کاشتکار وں نے کماد کی فصل سے اوسطاً 2ہزار من فی ایکڑ پیداوارکا حصول ممکن بنایا۔

شوگر کین ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آری فیصل آباد کے ترجمان نے بتایا کہ محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کی سہولت کیلئے ستمبر کاشتہ کماد کیلئے منظور شدہ اقسام کااعلان کردیا ہے جس کے مطابق کاشتکاروں کو اگیتی اقسام کیلئے سی پی ایف 243، ایچ ایس ایف 242، سی پی 77-400، سی پی ایف 237، ایچ ایس ایف 240،سی پی ایف 250،سی پی ایف 251 وغیر ہ جبکہ درمیانی تیار ہونے والی اقسام کیلئے ایچ ایس ایف 240،ایس پی ایف 234، ایس پی ایف 213، سی پی ایف 246، سی پی ایف 247،سی پی ایف 248،سی پی ایف 249، سی پی ایف 253،سی پی ایس جی 2525،ایس ایل ایس جی 1283اور ایس پی ایف 245 وغیرہ،پچھیتی تیار ہونے والی قسم سی پی ایف 252 کاشت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے بتایا کہ ایچ ایس ایف 240کانگیاری سے متاثر ہوتی ہے اسلئے اس کا بیج مونڈ ھا نہ رکھا جائے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار فی ایکڑ4 آنکھوں والے 13سے 15ہزار سمے یا3آنکھوں والے17سے20ہزارسمے ڈالیں جبکہ یہ تعداد گنے کی موٹائی کے لحاظ سے تقریباً 100سے 120من بیج سے حاصل کی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار کماد کی ستمبر کاشت کیلئے اقسام کے انتخاب کے وقت ان کی پیداواری صلاحیت، کیڑے اور بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت کو مدنظر رکھیں۔

انہوں نے بتایا کہ پیداوار کے فرق کو کم کرنے کے لئے جدید پیداواری ٹیکنالوجی پر عمل کرنا انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ کماد کی کاشت کیلئے ستمبر کا پورا مہینہ موزوں ہے تاہم کاشتکار بیج کا انتخاب صحت مند، بیماریوں اور کیڑوں سے پاک فصل سے کریں۔انہوں نے کہاکہ بیج کیلئے گنے کے اوپر والا حصہ استعمال کیاجائے۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکار زمینوں میں نامیاتی مادہ کی کمی کے پیش نظر دیسی یا سبز کھاد کا استعمال کریں اور مصنوعی کھادوں کا استعمال زمین کے تجزیہ کی بنیاد پر کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں مزید رہنمائی، مشاورت یا معلومات کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی خدمات سے بھی استفادہ کیاجاسکتاہے۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=324526

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں