
لاہور۔11فروری (اے پی پی):صوبائی وزیر ہائوسنگ واربن ڈویلپمنٹ پنجاب میاں محمود الرشیدنے کہا ہے کہ صوبہ میں ہائوسنگ سیکٹر کے فروغ کے لئے ضروری قانون سازی کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے،پنجاب کابینہ کی طرف سے افورڈ ایبل پرائیویٹ ہائوسنگ سکیمز رولز 2020 اورجوائنٹ وینچر رولز کی منظوری کے بعد ہائوسنگ سیکٹر کی تیز رفتار ترقی اور بلڈرز، ڈویلپرز کوخاطر خواہ ریلیف کی فراہمی ممکن ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب ہائوسنگ اینڈ ٹائون پلاننگ ایجنسی (پھاٹا) کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری ہائوسنگ سائوتھ پنجاب سیکرٹریٹ لیاقت علی چٹھہ،ڈی جی پھاٹاآصف چوہدری،جنرل سیکرٹری ہاوسنگ ٹاسک فورس عاطف ایوب میو اور بلڈرز،ڈویلپرزکے نمائندے اجلاس میں موجود تھے۔صوبائی وزیرنے پھاٹا بورڈ کے چار نئے ارکان،مسزیاسمین عابد مان،امتیاز محمود،نوید اختر اور شاہد بٹ کو ان کے انتخاب پر مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ ہائوسنگ سے متعلقہ پالیسیاں سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مرتب کی گئی ہیں، قوانین میں ترامیم کے حوالے سے بھی سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیاگیا ہے،نیا پاکستان ہائوسنگ پراجیکٹ میں بلڈرز اور ڈویلپرز کو بھرپور ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے،پرائیویٹ بلڈرز اور ڈویلپرز کے ساتھ جوائنٹ وینچر کے تحت پراجیکٹ کو آگے بڑھا رہے ہیں۔میاں محمود الرشید نے کہا کہ پھاٹا میں بلڈرز اور ڈویلپرز کی ہائوسنگ سکیموں کی منظوری کا کام ترجیحی بنیادوں پر جاری ہے، وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پنجاب میں ہائوسنگ سیکٹر کے فروغ کیلئے سرگرم عمل ہیں۔اجلاس کے دوران مختلف اضلاع میں پھاٹا کے زیرانتظام ترقیاتی سکیموں کی منظوری کے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈی جی پھاٹا نے گذشتہ اجلاس میں ہونے والے فیصلوں پر عملدرآمد کی رپورٹ پیش کی جبکہ گذشتہ پھاٹا کے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کی توثیق بھی کی گئی۔