لاہور۔30مئی (اے پی پی):پنجاب میں ہیٹ ویو اور گرمی کی لہر برقرار ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق گزشتہ روز لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں درجہ حرارت 45 ڈگری ،رحیم یار خان ،قصور اور بھکر میں 47 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق چولستان کے شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے اور ڈی جی پی ڈی ایم اے چولستان میں پانی کی فراہمی کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے الرٹ ہیں،پائپ لائنز اور واٹر بازرز کے ذریعے دور دراز علاقوں کو پانی فراہم کیا جا رہا ہے، ہیٹ ویو قدرتی آفت ہے، اس سے نمٹنے کے لئے ممکنہ اقدامات کر رہے ہیں۔صاف پانی کی فراہمی صحرائوں میں بڑا چیلنج ہے ،جس سے نمٹنے کے لئے تمام کوششیں کریں گے،شہری گرمی کی شدید لہر اور ہیٹ ویو سے بچا ئو کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔