فیصل آباد۔19جون (اے پی پی):پنجاب میں 10سال بعد 46 لاکھ ایکڑسے زائد رقبہ پر کپاس کی ریکارڈ کاشت کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ بمپر کراپ کے حصول کے لیے بھی تمام ممکن اقدامات کا آغاز کردیا گیاہے۔نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابق زیادہ کپاس اگاؤ مہم 2023کے حوالے سے تمام اضلاع کے لیے کپاس کی کاشت کا ہدف مقرر کر دیا گیا ہے، اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ زراعت تمام وسائل بروئے کارلا رہے ہیں، کسانوں کے لیے معیاری بیج اور ادویات کی سرکاری نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
کسانوں کی آسانی کے لیے تحصیل سطح پر بھی سہولت مراکز قائم کئے گئے ہیں جہاں پر کاشتکاروں کو بیج اور سپرے مقررہ قیمت پر دستیاب ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کپاس کی امدادی قیمت 8500 روپے فی من مقرر کی گئی ہے۔علاوہ ازیں کپاس کی زیادہ پیداوار حاصل کرنےوالے کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے انعامات بھی دیئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کاشتکاروں کو کپاس کے بیج پر فی بیگز ایک ہزار روپے سبسڈی دے رہی ہے، کاشتکاروں کی رجسٹریشن اور آن لائن رپورٹنگ کا نظام وضع کیا جا رہا ہے اورفیلڈ اسسٹنٹ کپاس کی کاشت کی نگرانی سمیت موبائل ایپ کے ذریعے مشاورتی خدمات انجام دیں گے۔انہوں نے کہا کہ کپاس کے تصدیق شدہ بیج کی کاشت کرنے والے کسانوں کی جیو ٹیگنگ کی جا سکتی ہے اور کپاس کے کھیتوں میں سنڈیوں کے خاتمہ کے لیے فوری اقدامات کئے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیلئے کسانوں کی رہنمائی کی جارہی ہے نیزٹیل کے کاشتکاروں کو کپاس کی کاشت کیلئے اضافی نہری پانی فراہم کرنے کیلئے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔۔انہوں نے کسانوں کے لیے یوریا کی مطلوبہ فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=369972