لاہور۔9اگست (اے پی پی):پنجاب میں 12 اگست تک بارشوں کا امکان ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق لاہور ، گجرانوالہ، راولپنڈی ،سرگودھا، ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور ، فیصل آباد، ساہیوال اور گجرات ڈویژنز میں بارشیں متوقع ہیں جبکہ جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں10 اور 11 اگست کے دوران آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکانات ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ موسمی صورتحال کے بارے صوبے بھر کی متعلقہ انتظامیہ اور محکموں کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے ،اربن فلڈنگ کے خدشہ کے پیش نظر انتظامیہ الرٹ رہے اور پیشگی انتظامات مکمل کرے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کمشنرز، ڈی سیز ،واسا، محکمہ آبپاشی، ریسکیو، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں 24 گھنٹے صورتحال کی مانیٹرنگ ہو رہی ہے،عوام سے درخواست ہے کہ وہ حکومتی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں،پرانی عمارتوں، کھمبوں اور آسمانی بجلی کی گرج چمک سے بچائو کے لئے محفوظ مقامات پر رہیں اور ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے پنجاب کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔