اسلام آباد۔12اپریل (اے پی پی):پنجاب میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے (پی ڈی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں 13 اپریل سے شدید گرمی جبکہ جنوبی پنجاب میں درجہ حرارت معمول سے 6 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ زائد رہنے اور بالائی پنجاب میں 14 تا 18 اپریل کے دوران درجہ حرارت معمول سے 4 تا 6 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے۔پی ڈی ایم اے پنجاب کے ریلیف کمشنر نبیل جاوید نے اس حوالہ سے صوبہ کے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق اس دوران رات کے اوقات میں بھی درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔ مزید برآں گرمی کی شدت میں اضافہ کے باعث گرد آلود ہوائیں اور جھکڑ چلنے کا بھی خطرہ ہے۔ نبیل جاوید نے ہدایت کی ہے کہ ہیٹ ویو سے بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ دھوپ میں غیر ضروری سرگرمیوں سے گریز کیا جائے اور خود کو ہائیڈریٹ رکھنے کی بھی اشد ضرورت ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے ریسکیو 1122 کو ہیٹ سٹروک اور پانی کی کمی سے متاثرہ افراد کی مدد کیلئے الرٹ رہنے کے ساتھ ساتھ شہری علاقوں میں امدادی کیمپ، صاف پانی، او آر ایس اور ابتدائی طبی امداد کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔پی ڈی ایم اے پنجاب نے مزید کہا ہے کہ گرمی کی شدت میں اضافہ سے شمالی علاقوں میں برف پگھلنے کی رفتار میں بھی اضافہ متوقع ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=581082