28.2 C
Islamabad
جمعہ, اپریل 4, 2025
ہومزرعی خبریںپنجاب میں 35 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبہ پر کپاس کاشت کی...

پنجاب میں 35 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبہ پر کپاس کاشت کی جائے گی، سیکرٹری زراعت پنجاب

- Advertisement -

لاہور۔3اپریل (اے پی پی):سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا ہے کہ کپاس کی کاشت کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیاہے،ملکی تاریخ میں پہلی بار کپاس کی اگیتی کاشت کی مہم چلائی گئی جس کے حوصلہ افزا نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کپاس کی کاشت بارے جاری مہم کے سلسلہ میں محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب سرفراز حسین مگسی،ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس پنجاب شبیر احمد خان، چئیرمین نیشنل سیڈ اتھارٹی ڈاکٹر آصف علی، وائس چانسلر ایم این ایس زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ،

ڈائریکٹر جنرلز زراعت پنجاب چوہدری عبدالحمید،نوید عصمت کاہلوں، عبدالقیوم،ڈاکٹر عامر رسول،ڈاکٹر ساجد الرحمن، کنسلٹنٹ محکمہ زراعت پنجاب ڈاکٹر محمد انجم علی،صدر کسان اتحاد خالد محمود کھوکھر،کاٹن ایکسپرٹ ڈاکٹر محمد اقبال بندیشہ سمیت محکمہ زراعت و انہار کے افسران شریک ہوئے۔سیکرٹری زراعت نے کہا کہ کپاس کی بحالی کیلئے جاری خصوصی مہم کو ہر سطح پر سراہا جا رہا ہے،پہلے مرحلے میں کپاس کی کاشت کے مقرر کردہ ہدف کا80 فیصد سے زائد حاصل کر لیا ہے جبکہ اسی جوش و جذبہ سے مہم جاری رہی تو آئندہ 2، 3 روز میں مقررہ ہدف کے قریب پہنچ جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ رواں سیزن پنجاب میں 35 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبہ پر کپاس کاشت جائے گی،کپاس کی کاشت اور پیداوار کے ہدف کے حصول کیلئے وزیر اعلی پنجاب نے خصوصی مراعاتی پیکج کا اعلان کیا ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ کپاس کی کاشت کا دوسرا مرحلہ 30 اپریل تک جاری رہے گا،محکمہ زراعت اور کاشتکار کپاس کی کاشت کے ہدف کے حصول کیلئے پرعزم اورمارکیٹوں میں معیاری زرعی مداخل کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے مانیٹرنگ جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ کپاس کی کاشت کے علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر نہری پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے،کپاس کو زیادہ منافع بخش بنانے کیلئے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ناگزیر ہے۔سیکرٹری زراعت نے متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں کپاس کے اہداف کے حصول کیلئے فیلڈ سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جائے۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع پنجاب چوہدری عبد الحمید نے اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ دی۔بعد ازاں سیکرٹری زراعت افتخار علی سہو نے ملتان میں زیر تعمیر ماڈل ایگریکلچرمال کا دورہ کیا اور ماڈل ایگریکلچر مال کے تعمیراتی کام کی رفتار ومعیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=578266

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں