راولپنڈی۔ 12 ستمبر (اے پی پی) سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کے وژن کے تحت حکومت پنجاب وفاقی حکومت کے تعاون سے 65 ارب روپے کے تاریخی منصوبہ جات کا آغاز کررہی ہے جو انتہائی حوصلہ افزاء اور خوش آئند اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل پر کھیت کی سطح پر زرعی اجناس کی پیداوار میں مستقل بنیادوں پر اضافہ سے کاشتکاروں کی آمدن اورمنافع میں بھی اضافہ ہوگا۔ ان مثالی منصوبوں کے تحت 21ارب 27کروڑ روپے کی لاگت سے پنجاب بھر میں ز رعی ماڈل منڈیوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس سے کاشتکاروں کے لئے اپنی زرعی پیداوار کی فروخت میں آسانی پیدا ہوگی اور وہ اپنی اجناس کا معقول معاوضہ حاصل کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 5ارب روپے کی لاگت سے سورج مکھی، کینولا اورتل کی کاشت پر سبسڈی جاری رکھی جائے گی تاکہ تیلدار اجناس کے زیر کاشت رقبے میں اضافہ سے خوردنی تیل کی پیداوار بڑھا کر درآمدی بل کو کم کیا جائے۔ گندم، چاول اور گنے کی پیداوار میں اضافہ کے لیے 15ارب 49کروڑ روپے کی خطیر رقم مختص کی جارہی ہے ۔