اسلام آباد۔30مئی (اے پی پی):نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر نے کہا ہے کہ قومی پولیو مہم پانچویں روز بھی موثر انداز میں جاری ہے جبکہ ابتدائی چار روز کے دوران ملک بھر میں 90 فیصد بچوں کی ویکسینیشن مکمل کر لی گئی ہے۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق پنجاب میں 91 اور سندھ میں 87 فیصد بچوں کو ویکسین دی جا چکی ہے، خیبرپختونخوا میں 93 اور بلوچستان میں 89 فیصد بچوں کی ویکسینیشن مکمل کر لی گئی ہیں ۔
اسلام آباد میں اب تک 81 فیصد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا چکے ہیں جبکہ آزاد جموں و کشمیر میں 96، اور گلگت بلتستان میں 97 فیصد بچوں کی ویکسینیشن مکمل ہو گئی ہے۔پولیو مہم پاکستان اور افغانستان میں بیک وقت جاری ہے۔پولیو وائرس اب بھی ہمارے گرد و نواح کے ماحول میں مسلسل موجود ہے۔نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے حکام نے کہا ہے کہ پولیو ٹیموں کے لیے دروازے کھولیں، بچوں کو بیماری سے بچائیں اور بچوں کو پولیو ویکسین سمیت تمام حفاظتی ٹیکہ جات بروقت دلائیں۔پولیو ٹیم سے رابطے کے لیے 1166 پر کال کریں یا 03467776546 پر واٹس ایپ مسیج کریں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603153