لاہور۔15جولائی (اے پی پی):صوبہ پنجاب میں 17 سے 20 جولائی تک مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں 17 سے20 جولائی کے دوران شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے،خاص طور پر جنوبی پنجاب میں آندھی اور تیز بارش کے امکانات ہیں۔ دریں اثنا ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ10 محرم الحرام کو ممکنہ مون سون بارشوں کے باعث انتظامیہ خصوصی اقدامات کرے۔ محرم کے جلوسوں کی انتظامیہ موسم کی شدت کو مدِنظر رکھتے ہوئے حفاظتی اقدامات کرے۔خستہ حال چھتوں اور بوسیدہ عمارتوں میں محافل کے انعقاد سے گریز کیا جائے۔عاشورہ کے موقع پر تمام ریسکیو ادارے الرٹ رہیں۔انہوں نے کہا کہ بارشوں سے پنجاب کے ندی نالے بپھر سکتے ہیں لہذا اربن فلڈنگ کے خطرے کے پیش نظر بڑے شہروں کی انتظامیہ الرٹ رہے اور پیشگی انتظامات مکمل کرے۔عرفان علی کاٹھیا نے مزید کہا کہ طوفان سے بجلی کے کھمبوں،سولر پلیٹوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔موسمی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے پیش نظر متعلقہ محکمے الرٹ رہیں۔محکمہ آبپاشی،مواصلات،محکمہ صحت،لائیو سٹاک و لوکل گورنمنٹ سمیت تمام کمشنرز اور ڈی سیز کو الرٹ رہنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں ہیں،اسی طرح ریسکیو،واسا،پنجاب پولیس اور سول ڈیفنس کو بھی موسمی صورتحال بارے الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ نشینی علاقوں سے پانی کی نکاسی کو جلد ازجلد یقینی بنایا جائے۔ احتیاطی تدابیر اور بارشوں کے دوران فرائض میں غفلت کی کوئی گنجائش نہیں۔پی ڈی ایم اے کنٹرول روم 24 گھنٹے موسمی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔عوام سے التماس ہے کہ حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔