رحیم یارخان 25 جون (اے پی پی):پنجاب کے موجودہ 3553 ارب روپے کے ٹیکس فری بجٹ کو پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی بجٹ قرار دیا جا رہا ہے ،جس میں ضلع رحیم یارخان کی ترقی اور خوشحالی کی 50 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں،حلقہ پی پی 262سمیت ضلع بھر کے عوام کو بنیادی وسائل فراہم کرنے کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب اور پنجاب حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار سابق رکن پنجاب اسمبلی و ممبر ڈسٹرکٹ کوارڈی نیشن کمیٹی و سٹی صدر پاکستان مسلم لیگ (ن)چوہدری محمد عمر جعفر نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عرفان انور سے ملاقات کے دوران حلقہ میں جاری ترقیاتی کاموں اور حلقہ کی عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ حلقہ پی پی 262کے مختلف علاقوں میں سیوریج سسٹم چوک ہو چکا ہے
جس کی وجہ سے گلی محلے ندی نلوں میں صورت اختیار کر چکے ہیں اور گندگی کے انبار لگنے سے علاقہ مکین پریشان ہیں۔جس پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عرفان انور نوٹس لیتے فوری مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔سٹی صدر پاکستان مسلم لیگ ن چوہدری محمد عمر جعفر نے کہا کہ ضلع رحیم یارخان کیلئے مختص ہونیوالے 50 ارب روپے میں سے 12 ارب سے ضلع بھر میں سیوریج کے مسائل حل ہونگے،4 ارب سے ضلع رحیم یارخان میں برن یونٹ کا قیام عمل میں لایا جائیگا،34 ارب روپے سے ضلع رحیم یارخان میں سڑکوں کے جال بچھائے گئے،کھیلوں کے میدان آباد کئے جائینگے،عوام کی بنیادی ضروریات بجلی،گیس،صاف پانی،گلی محلوں کو پکا کرنے کیلئے ٹف ٹائلزلگائی جائینگی،دیہاتوں کو شہروں سے جوڑنے کیلئے رابطہ سڑکیں،سکول،کالجزتعمیر ہونگے،ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کی جائیگی۔
اس موقع پر سابق صدر ڈسٹرکٹ بار زاہد بنگش،سابق ایڈمنسٹریٹر قاضی جمیل احمد،یوتھ کوارڈی نیٹر عبدالصمد بندیشہ،ڈویژنل صدر منیارٹی ونگ سیمسن مختار،سابق کونسلرز ماجد شاہ،رانا امجد،حافظ ارشد،عمر شعیب اعوان،قاضی خلیل ،بلال احمد ،رانا اسامہ،فاروق بھٹی،اسامہ بندیشہ اور پولیٹیکل سیکرٹری چوہدری محمد زاہد بھی موجود تھے۔