پنجاب پولیس،373 کومبنگ آپریشنز میں 12 ہزار سے زائد افراد کی چیکنگ، 35 مشکوک افراد حراست میں لئے گئے، ترجمان

5

لاہور۔23جون (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹرعثمان انور کی ہدایت پر محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر پنجاب پولیس کے لاہور سمیت صوبہ بھر میں سرچ،سویپ اینڈ کومبنگ آپریشنز جاری ہیں،جس کے تسلسل میں گذشتہ24 گھنٹوں کے دوران373 کومبنگ آپریشنز کے دوران12 ہزار174 مشتبہ افراد کی چیکنگ اور 35 مشکوک افراد حراست میں لئے گئے۔ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 23 سرچ اینڈ سویپ آپریشنز کئے گئے، 2549 افراد سے پوچھ گچھ اور03 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔

سنگین جرائم میں ملوث228 اشتہاری،85 عدالتی مفرور اور56 عادی مجرمان بھی گرفتار کیے گئے۔جرائم پیشہ و مشتبہ افراد کے قبضہ سے بڑی تعداد میں ناجائز اسلحہ اور گولیاں برآمد کی گئیں۔جرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائیوں کے دوران 04 مجرم کیفر کردار کو پہنچے جبکہ06 زخمی حالت میں گرفتار ہوئے۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ دہشتگردوں اور ملک دشمن عناصر کا محاسبہ کرنے کیلئے سرچ، سویپ اینڈ کومبنگ آپریشنز جاری رکھے جائیں۔