پنجاب پولیس اور انٹرپول نے خطرناک اشتہاری کو سعودی عرب سے گرفتار کرکے پاکستان منتقل کردیا

43
پنجاب پولیس اور انٹرپول نے خطرناک اشتہاری کو سعودی عرب سے گرفتار کرکے پاکستان منتقل کردیا

لاہور۔29مئی (اے پی پی):پنجاب پولیس اور انٹرپول اسلام آباد نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے خواجہ سرا کو قتل کرنے والے خطرناک اشتہاری کو سعودی عرب سے گرفتار کرکے پاکستان منتقل کردیا۔ ترجمان کے مطابق اشتہاری ملزم صفیان علی 2020ء میں کامونکی میں خواجہ سرا عثمان عرف پیا کو قتل کرنے کے بعد روپوش ہو کر بیرون ملک فرار ہوگیا تھا،

پنجاب پولیس کے سپیشل آپریشن سیل گوجرانوالہ نے انٹرپول سے ملزم کا ریڈ نوٹس جاری کروایا، سعودی پولیس کے ساتھ قریبی روابط سے ملزم کو گرفتاری کے بعد پاکستان منتقل کردیا گیا، پولیس ٹیم نے ائیر پورٹ سے ملزم کو حراست میں لے لیا،رواں برس بیرون ممالک سے گرفتار اشتہاریوں کی مجموعی تعداد 40 ہو گئی ہے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی خطرناک اشتہاری کی گرفتاری پر آر پی او گوجرانوالہ اور پولیس ٹیم کو شاباش دی۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ ملزم کے خلاف قانونی کاروائی جلد مکمل کرتے ہوئے قرارو اقعی سزا دلوائی جائے۔

آئی جی پنجا ب نے کہاکہ انٹر پول، ایف آئی اے اور دیگر اداروں کے ساتھ کوآرڈینیشن کو مزید موثر بناتے ہوئے دیگر خطرناک اشتہاری مجرمان کو گرفتار کرکے وطن واپس لایا جائے اور قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔