لاہور۔3ستمبر (اے پی پی):آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس صاحب حیثیت مخیر افراد اور مشکلات میں گھرے عوام کو باہم طور پر منسلک کرے گی ۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں 120 سے زائد خاندانوں کو پنجاب پولیس نے اپنے وسائل سے راشن فراہم کیا ہے، راولپنڈی میں 16، اوکاڑہ میں 12 ، لیہ میں 11 ، لاہور میں 10 ، ڈی جی خان میں 08 ، مظفر گڑھ اور گوجرانوالہ میں 12 فیملیز میں پولیس نے اپنے وسائل سے اشیائے ضروریہ فراہم کیں ۔ ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب وقاص نذیر نے کہا کہ لیہ سے ایک شہری کی کال پر ڈی پی او خود اسکے گھر پہنچے، راشن فراہم کرکے مشکل کا ازالہ کیا۔
خدمت خلق کے اس مثالی سفر کا دائرہ کار رفتہ رفتہ دیگر اضلاع تک پھیل چکا ہے، بیگم کوٹ لاہور میں متاثرہ خاندان کو چوکی انچارج نے ذاتی جیب سے راشن فراہم کیا ، ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب وقاص نذیر نے کہا کہ سول سوسائٹی سے درخواست ہے کہ غریب و مستحق شہریوں کی مدد کیلئے پولیس کے ساتھ رابطہ کریں ، پنجاب پولیس انسداد جرائم کے ساتھ ساتھ خدمت انسانیت کے اس کام میں بھی اپنا بھرپور حصہ ڈالے گی ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=386080