لاہور۔16جنوری (اے پی پی):پنجاب پولیس حافظ آباد نے کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کا مالِ مسروقہ اصل مالکان کے حوالے کر دیاہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 16کروڑ 22 لاکھ روپے سے زائدمالیت کا مال مسروقہ 599 مالکان کے حوالے کیا گیا۔ 3کروڑ 31 لاکھ روپے سے زائد نقدی، 20تولے سے زائد طلائی زیورات اور 4ٹریکٹرز مالکان کے حوالے کیے گئے جبکہ 1جیپ، 181موٹرسائیکلز، 10رکشے اور 73موبائل فونز بھی اصل مالکان کے حوالے کئے گئے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ بجلی کی 47موٹریں، 33سولر پلیٹس اور 80مال مویشی بھی مالکان کے حوالے کیے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ناجائز اسلحہ رکھنے والے 648ملزمان گرفتار، 505مقدمات درج کیے جبکہ ملزمان کے قبضے سے 20کلاشنکوف، 373پسٹلز، 5رپیٹرز، 22بندوقیں، 35 رائفلیں اور ہزاروں کی تعداد میں گولیاں برآمد کی گئیں۔ ڈی پی او حافظ آباد کی قیادت میں پولیس نے چوری اور ڈکیتی میں ملوث 53گینگز کے 234سے زائد ملزمان گرفتار کیے گئے۔ آئی جی پنجاب نے حافظ آباد پولیس کو بہترین کارکردگی پر شاباش دی ہے جبکہ چوری و ڈکیتی شدہ مال مسروقہ کی برآمدگی پر مالکان نے ڈی پی او اور ان کی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=547314