لاہور۔13فروری (اے پی پی):آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس سانحہ فیصل چوک (چیئرنگ کراس)کے بہادر شہیدوں کو سلام پیش کرتی ہے،شہید پولیس افسران اور جوانوں کی قربانیاں ہمیشہ دلوں میں تازہ رہیں گی۔ سانحہ مال روڈ کے شہدا کی آٹھویں برسی کے موقع پر جاری اپنے بیان میں آئی جی پنجاب نے کہا کہ ملک و قوم کی حفاظت کرتے فرض کی راہ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء پولیس کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔
یومِ شہدا چیئرنگ کراس پنجاب پولیس کے بہادر شہیدوں سے تجدید عہد کا دن ہے، پولیس افسران اورجوانوں نے2017 میں فیصل چوک مال روڈ لاہور پر جام شہادت نوش کیا، ڈی آئی جی سید احمد مبین، ایس ایس پی زاہد گوندل سمیت 07 پولیس افسران اور اہلکاروں نے شہادت کا رتبہ حاصل کیا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس 1650 سے زائد شہدا کی امین فورس ہے اور دہشتگردوں اور جرائم پیشہ عناصر کےخلاف سیسہ پلائی دیوار ہے۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ شہدا پولیس کے اہلخانہ کی ویلفیئر اور دیکھ بھال اولین ترجیح ہے۔