لاہور۔7جنوری (اے پی پی):پنجاب پولیس کا اپنے ملازمین اور ان کے اہل خانہ کی ویلفیئر کے لئے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے اور اس سلسلے میں گردوں کے جان لیوا مرض میں مبتلا کانسٹیبل کا کڈنی ٹرانسپلانٹ کروا دیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سرگودھا پولیس کے کانسٹیبل تحسین عباس کے دونوں گردے ناکارہ ہونے پر زندگی کو خطرہ لاحق تھا، پنجاب پولیس نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ اینڈ ریسرچ سینٹر سے معاہدے کے تحت ٹرانسپلانٹ کے تمام اخراجات خود اٹھائے ۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پولیس ملازمین اور ان کے اہل خانہ کسی بھی بیماری یا مشکل میں اپنی ڈسٹرکٹ ویلفیئر برانچ سے رجوع کریں،پنجاب پولیس اپنے ملازمین، ان کے اہل خانہ کے علاج معالجے، تعلیم اور ویلفیئر کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔
ڈی آئی جی ویلفیئر غازی محمد صلاح الدین نے کہا کہ متاثرہ پولیس اہلکاروں کی زندگی بچانے کے لئے پولیس ویلفیئر فنڈ سے ٹرانسپلانٹ و سرجریز کے تمام اخراجات برداشت کر رہے ہیں، پولیس ملازمین و اہل خانہ کے بہترین علاج معالجے کے لئے تمام معیاری ہسپتالوں کے ساتھ ایم او یو کئے گئے ہیں،ٹرانسپلانٹ، ہارٹ و میجر سرجریز، قوت سماعت سے محروم بچوں کے کوکلیئر امپلانٹ، ہیئرنگ ایڈ کی فراہمی میں بھرپور معاونت جاری ہے۔