لاہور۔25اپریل (اے پی پی):پنجاب پولیس نے صوبہ بھر میں سرچ آپریشن کے دوران 15054مشتبہ افراد کی چیکنگ اور 57 مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 41 سرچ اینڈ سویپ آپریشنز، 2160 افراد سے پوچھ گچھ اور 4 مشتبہ افرادکو گرفتار کیا گیا ہے۔
سنگین جرائم میں ملوث 418 اشتہاری، 165 عدالتی مفرور اور 105 عادی مجرمان بھی گرفتار کیے گئے۔ جرائم پیشہ و مشتبہ افراد کے قبضہ سے بڑی تعداد میں ناجائز اسلحہ اور گولیاں برآمد کی گئیں۔ جرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائی کے دوران 3 مجرمان جبکہ ایک پولیس اہلکاربھی زخمی ہوا۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لئے پنجاب پولیس کی فرضی مشقیں بھی جاری ہیں۔فرضی مشقوں میں پنجاب پولیس، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، ایلیٹ فورس، ریسکیو 1122 اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔