لاہور۔7اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعلی مریم نواز کے محفوظ پنجاب ویژن کی تکمیل کے لئے پنجاب پولیس کا ناجائز اسلحہ کے خاتمے کیلئے سخت کریک ڈائون جاری ہے۔پولیس ٹیمیں لاہور سمیت صوبے کے تمام اضلاع کو ناجائز اسلحہ سے پاک کرنے کیلئے شب وروز مصروف عمل ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ رواں برس کے دوران خصوصی مہم میں ہزاروں کی تعداد میں خطرناک آتشیں ہتھیار، گولیاں اور کارتوس برآمد کئے گئے ہیں، لاہور سمیت صوبہ بھر میں ملزمان کے قبضہ سے 1302 کلاشنکوف برآمد کی گئیں، 36461 پسٹل، 2768 بندوقیں، 2521 رائفلز، 603 ریوالور اور 02 لاکھ 62 ہزار 583 گولیاں اور کارتوس برآمد کیے گئے۔
اسی طرح صوبائی دارالحکومت میں ملزمان کے قبضے سے 118 کلاشنکوف، 7368 پسٹل، 519 رائفلز، 282 بندوقیں اور 64 ریوالور اور41 ہزار 597 گولیاں بھی ملزمان کے قبضے سے برآمد کی گئیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سوشل میڈیا پر اسلحہ کی تشہیر اور ہوائی فائرنگ میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش کرنے والے ملزمان کو بلا تفریق قانون کی گرفت میں لایا جائے۔
آئی جی پنجاب نے مزیدکہاکہ اسلحہ کے کاروبار میں ملوث ڈیلرز کے لائسنس اور سٹاک انسپکشن کا عمل باقاعدگی سے سر انجام دیا جائے، آر پی اوز، ڈی پی اوز ناجائز اسلحہ کے کریک ڈائو ن کی ہفتہ وار رپورٹس سنٹرل پولیس آفس بھجوائیں۔ انہوں نے کہاکہ ناجائز اسلحہ کے خاتمے کیلئے ترجیحی کارروائیوں میں تیزی لائی جائے۔
C:foz-sns/P:foz/L:tam/E:tam/I:saj/R:saj