لاہور۔2نومبر (اے پی پی):پنجاب پولیس نے رواں سال سموگ کے تدارک کےلئے جاری کریک ڈائون میں 1035ملزمان کو گرفتار کر لیا اور 1330 کے خلاف مقدمات درج کر لئے گئے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں انسداد سموگ کارروائیوں میں 73 ملزمان گرفتار اور 184 کے خلاف مقدمات درج کیے گئے،رواں سال صوبہ بھر میں شاہراہوں پر زیادہ دھواں چھوڑنے پر 6لاکھ 86 ہزار 691گاڑیوں کے چالان کئے گئے جبکہ غیر معیاری فٹنس پر 152640گاڑیوں کو تھانوں میں بندکیا گیا۔
زیادہ دھواں چھوڑنے پر 9993گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ معطل کئے گئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شاہراہوں، انڈسٹریل ایریاز سمیت دیگر مقامات پر انسداد سموگ کریک ڈائون میں تیز کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس سموگ کے تدارک کیلئے محکمہ ماحولیات کو تعاون فراہم کر رہا ہے،صوبہ بھر میں سموگ کا سبب بننے والی گاڑیوں، فیکٹریوں، کھیتوں میں آگ لگانے پر فوری کارروائیاں جاری ہیں۔