لاہور۔31اگست (اے پی پی):صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں پنجاب پولیس کی طرف سے ریسکیو کئے گئے سیلاب متاثرین کی تعداد 1 لاکھ 54 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ترجمان کے مطابق پنجاب پولیس اب تک 63 ہزار788 مردوں، 45 ہزار 337 خواتین اور 45 ہزار سے زائد بچوں کو محفوظ مقامات تک منتقل کر چکی ہے،
پنجاب پولیس نے سیلاب زدہ علاقوں میں پھنسے 1 لاکھ 67 ہزار سے زائد مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر پہنچایا جبکہ لاہور میں اب تک 6 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ترجمان نے بتایا کہ لاہور سمیت سیلاب زدہ مختلف اضلاع میں 15 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن میں مصروف ہیں، سیلاب متاثرین کی محفوظ مقامات پر منتقلی کیلئے پنجاب پولیس کی700 سے زائد گاڑیاںاور40 کشتیاں استعمال کی جارہیں۔
ترجمان نے کہاکہ آئی جی پنجاب نے لاہور سمیت سیلاب زدہ علاقوں میں شہریوں کا انخلا، ریسکیو اینڈ ریلیف اینڈ سرگرمیاں جاری رکھنے کا حکم دیا ہے،آئی جی نے انخلا والے علاقوں میں شہریوں کی املاک کے تحفظ کیلئے سکیورٹی اور پٹرولنگ بڑھانے کی بھی ہدایت کی ہے ،
آئی جی پنجاب نے حکم دیا ہے کہ ریلیف کیمپوں میں پناہ گزین متاثرہ افراد کو بھرپور سکیورٹی، خوراک اور ضروریات زندگی فراہم کی جائے۔ انہوںنے کہاکہ پی ڈی ایم اے سمیت ضلعی انتظامیہ،ریسکیو،سکیورٹی اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں اور دریائوں کے کنارے آباد دیہاتوں وآبادیوں میں پولیس کی پٹرولنگ باقاعدگی سے جاری رکھی جائے۔