لاہور۔7اپریل (اے پی پی):پنجاب پولیس کے ایک اور بہادر افسر نے فرض کی راہ میں اپنی جان قربان کر دی۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سب انسپکٹر ہارون حیات ایک ہفتہ قبل صوابی میں اغوا شہری کی بازیابی کے لیے کیے گئے آپریشن کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے زخمی ہو گئے تھے۔شہید سب انسپکٹر ہارون حیات کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے پیر کو شہید ہو گئے۔
آپریشن کے دوران پولیس نے مغوی شہری عباس علی کو بحفاظت بازیاب کروایا جبکہ ایک اغوا کار کو بھی گرفتار کیا ۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہید سب انسپکٹر ہارون حیات کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس اپنے شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔دکھ کی اس گھڑی میں ہم شہید کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں، انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی فلاح و بہبود کا مکمل خیال رکھا جائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=579023